علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کر دیا گیا

 علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کر دیا گیا

جہلم :تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کر دیا گیا ہے۔

 یہ رہائی ڈی چوک احتجاج کیس میں ملی، جس میں عدالت نے دونوں کی ضمانت 20، 20 ہزار روپے کے مچلکوں پر منظور کی۔ ضمانت کی روبکاریں جیل پہنچنے میں 9 گھنٹے لگے، جس کے بعد ان کو آزاد کر دیا گیا۔

رہائی کے موقع پر علیمہ خان کے بیٹے شہروز، بہن نورین نیازی اور پی ٹی آئی کارکنان بڑی تعداد میں جیل کے باہر موجود تھے، جنہوں نے ان کا استقبال کیا۔ جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی تاکہ امن و امان برقرار رہے۔

واضح رہے کہ علیمہ اور عظمیٰ خان کے خلاف تھانہ کوہسار میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ان کی گرفتاری اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے کے بعد عمل میں آئی تھی۔ اس احتجاج کے پیش نظر دارالحکومت کے مختلف راستے کنٹینر لگا کر بند کیے گئے تھے۔ احتجاج کے بعد انہیں دیگر پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا تھا، اور ان کا متعدد بار جسمانی ریمانڈ بھی منظور کیا گیا تھا۔