پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد میں قیدیوں کی وین پر حملے کو وفاقی حکومت اور پولیس کا ایک جھوٹا ڈرامہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی ویڈیوز ان کے پاس موجود ہیں اور اگر قیدیوں کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو اس کے ذمہ دار ایس ایچ او، آئی جی اور وزیر داخلہ ہوں گے۔
علی امین گنڈا پور نے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب ہونے والے اس حملے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ یہ حکومت کی ایک چال ہے اور ایسے ڈرامے بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ عدالت نے تحریک انصاف کے اراکین اور کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن انہیں پھر بھی دوسرے مقدمات میں دوبارہ گرفتار کر کے جیل بھیجا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ جیل منتقلی کے دوران ترنول تھانے کے ایس ایچ او نے جان بوجھ کر قیدیوں کی وین کے شیشے توڑ دیے اور انہیں باہر نکالنے کا تماشا رچایا۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو سختی سے تنبیہ کی کہ قیدیوں کو محفوظ طریقے سے جیل منتقل کیا جائے، ورنہ اس کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔