خیبرپختونخوا اور خاص طور پر پارہ چنار میں حالات سنگین ہیں: گورنر فیصل کریم کنڈی

06:40 PM, 25 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت بڑی قربانیاں دی ہیں، اور صوبے خاص طور پر پارہ چنار کی صورتحال کافی کشیدہ ہے۔

انہوں نے یہ بات نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں ترکیہ کے شہدا کے لیے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے ترکش ایرو اسپیس کے نمائندوں اور دیگر مہمانوں کے سامنے شہدا کی یاد میں گلدستہ پیش کیا۔

گورنر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی تعلقات کی تعریف کی اور ترکیہ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور ہم دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم رکھتے ہیں، اور کوئی بھی پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور عوام کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کا اتحاد امن کے قیام کے لیے ضروری ہے، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مل کر دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کریں گے اور ایک خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کریں گے۔

مزیدخبریں