اسلام آباد : سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقدہ فل کورٹ ریفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
انہوں نے اپنے مراسلے میں وضاحت کی کہ دنیا بھر میں ریٹائرڈ چیف جسٹس کی خدمات کے اعتراف میں ریفرنس دیا جاتا ہے، لیکن جب سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، تو انہوں نے اس وقت بھی ریفرنس میں شرکت نہیں کی۔
جسٹس منصور علی شاہ نے مزید کہا کہ آج کی صورتحال ماضی سے بھی زیادہ تشویش ناک ہے، کیونکہ چیف جسٹس کا بنیادی فرض شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، جس میں قاضی فائز عیسیٰ کی کارکردگی ناقص رہی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عدلیہ میں بیرونی مداخلت کے خلاف اقدام کرنے کے بجائے، چیف جسٹس نے اس کی راہیں ہموار کیں۔ ان کے مطابق، یہ تمام عوامل اس بات کا موجب بنے کہ وہ اس اہم ریفرنس میں شرکت نہ کریں۔