غزہ میں صورتحال دن بدن ابتر، شہید فلسطینیوں کی تعداد 6 ہزار546ہوگئی، 2 ہزار 704 بچے بھی شامل ،ہسپتالوں کے بند ہونے کاخدشہ 

07:24 PM, 25 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

غزہ :غزہ میں صورتحال دن بدن ابتر ہورہی ہے۔  شہید فلسطینیوں کی تعداد 6 ہزار546ہوگئی، 2 ہزار 704 بچے بھی شامل  ہیں۔ ایندھن کی کمی سے ہسپتال بند ہونے کے قریب ہیں۔ غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ 19 ویں روز بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی شہریوں کی شہادتوں کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 6 ہزار546ہوگئی، جن میں 50 فیصد سے زائد بچے اور خواتین ہیں۔24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 344 بچوں سمیت 756 فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 546 ہوگئی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں شہید فلسطینیوں میں 2 ہزار 704 بچے بھی شامل ہیں، اسرائیلی بمباری سے زخمی فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار 439 ہے ۔اسرائیلی بمباری سے 900 بچوں سمیت 1600 لاپتا افراد کی اطلاع ملی ہے، خدشہ ہے کہ لاپتا افراد تباہ شدہ عمارتوں کے ملبوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ 24 اکتوبر کو اسرائیلی بمباری سے 182 بچوں سمیت 704 فلسطینی شہری شہید ہوئے تھے، جو ایک دن میں سب سے زیادہ شہادتیں تھیں۔عالمی برادری کی جانب سے اسرائیل سے حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ غزہ میں امداد کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا سکے، مگر صہیونی ریاست نے ان مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے غزہ میں بچوں کی شہادتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔عالمی ادارے کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک کم از کم 2360 بچے اسرائیلی بمباری کے باعث شہید ہو چکے ہیں۔غزہ میں بچوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کی شرح بہت زیادہ ہے اور یہ حقیقت زیادہ خوفناک ہے کہ صورتحال بہتر ہونے تک اس میں کمی آنے کا کوئی امکان نہیں۔

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایندھن نہ ملا توغزہ کے تمام سپتال بند ہوجائیں گے۔عالمی ادارے کے مطابق غزہ کےہسپتالوں میں120 نومولود بچےانکیوبیٹرپر ہیں، ایندھن کی کمی سےبجلی بند ہوئی توبچوں کا زندہ رہنامشکل ہوگا۔

مزیدخبریں