اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما شہبازگِل کے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں دوبارہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج نے شہباز گِل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس سے متعلق سماعت کی۔
سیشن کورٹ کے جج طاہرعباس سِپرا کا کہنا تھا کہ شہبازگِل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کیے جاتے ہیں۔ شہباز گِل جب بھی نظر آئیں، انہیں گرفتار کرکے عدالت پیش کیا جائے۔
سیشن کورٹ جج نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے شریک ملزم کے خلاف ٹرائل ختم کرنے کی ڈائریکشن دی ہے۔ شریک ملزم کی حد تک کیس میں ٹرائل ختم کیاجاتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال جون میں اسلام آباد کی عدالت نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔