ایبٹ آباد:صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں ماں کی گود ایک ایک کر کے اُجڑ گئی ،بیک وقت پیدا ہونے والے 7 بچوں میں سے اب صرف ایک بچہ زندہ بچا ہے جو آج بھی زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے نجی ہسپتال میں ایک عورت کے ہاں بیک وقت 7 بچوں کی پیدا ئش ہو ئی ،ابتدائی طور پر ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پانچ بجے صحت مند تھے ،بقیہ دو میں سے ایک پہلے دن سے وینٹی لیٹر پر تھا جو 7 میں سے ایک بچنے والوں میں شامل ہے ۔
بچوں کے والد قاری یا ر محمد نے کہا بچوں کی پیدائش کے 24 گھنٹے بعد ایک بچہ دم توڑ گیا تھا۔ اس کے چند گھنٹوں بعد دوسرا بچہ، اس کے بعد ایک ہی رات میں تین بچے ہلاک ہوئے تھے،انہوں نے کہاجب صرف دو بچے زندہ رہ گئے تو ہم نے انتظامیہ کے سامنے شو ر شرابا مچایا جس پر انہوں نے کہا کہ ہم بچوں کو اسلام آباد پمز ہسپتال شفٹ کر رہے ہیں لیکن اگلے روز ایسا نہ کیا گیا اور پھر ایک اور بچہ دم توڑ گیا ۔
والد کا کہنا تھا کہ اب صرف ایک بچہ زندہ بچا ہے جو پہلے دن سے وینٹی لیٹر پر ہے ،انہوں نے کہا ہم صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ ہسپتال انتظامیہ کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے ہمارے آخری بچے کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور کسی اچھے ہسپتال میں اس کا علاج کروایا جائے ۔
بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ ہم نے بچوں کی ماں کو ابھی تک صرف دو بچوں کی ہلاکت کا بتا یا ہے ،ابھی تک ہسپتال انتظامیہ نے بچوں کی ہلاکت کی وجہ نہیں بتائی ۔