ریاض: وزیراعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی کی ترقی کے لئے سعودی فرمانروا کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور سعودی عرب کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے وہی عہد 2030 ویثرن کی تعریف کی۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان سعودی عرب انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے ثقافتی اور مذہبی سطح پر گہرے تعلقات ہیں اور سعودی عرب کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے پاکستان پر عزم ہے۔ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے مخلص دوستوں کو یاد رکھتا ہے جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کا معاملہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے تو ہمارا کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ اس وقت پاکستان کی اکثریتی آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل رات پاکستان نے بھارت کو میچ میں بری طرح پچھاڑ دیا تاہم ابھی میچ پر بات کرنے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ایشیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا اور قومی ائر لائن اس وقت کی بہترین ایئر لائن تھی۔