راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے تحریک لبیک پاکستان کیساتھ ہونےو الے مذاکرات بہت اچھے رہے ہیں ،سعد رضوی نے بھی تعاون کیا ہے ،جو وعدے ہم نے کیے اُ س پر بھی پہرہ دینگے ۔
شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک کے مطالبات پارلیمنٹ میں لے کر جائینگے ، تحریک لبیک پاکستان کے مطالبات پر عمل کرنے سے متعلق قانونی مسائل ہیں تاہم بدھ کو یہ معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا،انہوں نے کہا ایک دو دن میں ٹی ایل پی قیادت سے پھر ملاقات ہو گی ۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ منگل کو وزیراعظم عمران خان ملک واپس آ جائیں گے اور پھر وہ ان سے ملاقات کر کے انھیں صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
شیخ رشید نے کالعدم ٹی ایل پی کے 350 کارکنوں کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ انڈر اسٹینڈنگ کے تحت تاحال مریدکے پر سڑک دونوں اطراف سے کھولے جانے کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کالعدم تحریکِ لبیک کے کارکنان اس وقت جی ٹی روڈ پر سادھوکی کے مقام پر موجود ہیں اور ابتدائی مذاکرات کے بعد تحریک کے رہنماؤں نے حکومت کو فرانسیسی سفیر کی بےدخلی کے معاملے اور اپنے امیر سعد رضوی کی رہائی کے لیے منگل کی شام تک کی مہلت دی ہے۔
دوسری طرف انہوں نے پی ڈی ایم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کےتمام چہرے اس وقت صرف ٹی وی ٹی وی کھیل رہے ہیں ،ان کو کیا رسپانس عوام سے مل رہا ہے یہ سب دیکھ رہے ہیں ،انہوں کہا جن متاثرین مہنگائی کو یہ ساتھ لے کر چلنا چاہتے تھے ان میں سے کوئی چہرہ ان کے جلوس میں نہیں دیکھا ،انہوں نے کہا مریم نواز ہو یا شہباز شریف سب ٹی وی پر شو لگا رہے ہیں ۔