پشاور: الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ 19 دسمبر کو ہو گی۔ خیبرپختونخوا میں پہلے مرحلے میں پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان، لکی مروت، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، صوابی، کرک، بنوں، ٹانک، ہری پور، خیبر، چارسدہ، ہنگو اور مہمند میں انتخابات ہوں گے۔
ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کے لیے یکم نومبر کو نوٹس جاری کریں گے، جس کے بعد امیدوار 4 تا 8 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
ریٹرننگ افسران کاغذات جمع کرانے والے امیدواروں کی فہرستیں 9 نومبر کو جاری کریں گے، جس کے بعد 10 سے 12 نومبر کے دوران کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کریں گے۔
ای سی پی نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار 13 سے 16 نومبر تک اسکروٹنی سے متعلق اپیلیں دائر کر سکیں گے اور ایپیلٹ ٹریبونلز 19 نومبر تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے۔
بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے شیڈول کے مطابق امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرستیں 20 نومبر کو جاری کی جائیں گی جبکہ 22 نومبر تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نامزد امیدواروں کو 23 نومبر کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کے بعد پہلے مرحلے کے نتائج کا اعلان 24 دسمبر تک کر دیا جائے گا۔ شیڈول کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن نے تمام حکام کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی کی ہدایت کر دی۔ ای سی پی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے عہدیدار الیکشن پر اثر انداز ہونے سے گریز کریں۔