وزیر اعظم عمران خان سے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی جان کیری کی سعودی عرب میں اہم ملاقات 

06:35 PM, 25 Oct, 2021

جدہ :وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی جان کیری سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو موسمیاتی تبدیلی کیخلاف جنگ میں خیالات ،مہارت اور ٹیکنالوجی کا اشتراک جاری رکھنا چاہیے ۔

وزیراعظم عمران خان اور امریکی سینیٹر جان کیری کی ملاقات مڈل ایسٹ گرین انیشئیٹو سمٹ کی سائید لائن پر  سعودی عرب  میں ہوئی،وزیراعظم نے ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں اپنے نقطہ نظر سے آگاہ  کرتےہوئے کہا کہ  موسمیاتی تبدیلی خطرے کے خلاف قومی اور عالمی سطح پر  مربوط کوششوں کی ضرورت ہے ۔

وزیراعظم نے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے سمیت ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاکستانی اقدامات سے بھی جان کیری کو آگاہ کیا ،انہو ں نے  "یو ایس پاکستان کلائمیٹ اینڈ انوائرمنٹ ورکنگ گروپ" کے افتتاحی اجلاس پر بھی  اطمینان کا اظہار کیا ،جان کیری نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں ، دو طرفہ تعلقات، آب و ہوا اور ماحولیات میں مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔

 انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے لڑنے کے لیے پاکستان کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات کی تعریف کی اور  بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے یو این ایف سی سی سی کانفرنس آف پارٹیز میں موسمیاتی کارروائی پر وسیع عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ  پاکستان اور ترقی پذیر دنیا میں موسمیاتی تخفیف ، لچک اور موافقت میں سرمایہ کاری کی حمایت کی جانی چاہئے، دونوں فریقین نے  تعاون کے ایک مؤثر فریم ورک کے لیے قریبی رابطے پر اتفاق کیا ۔

مزیدخبریں