بھارت کشمیر کا معاملہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے تو ہمارا کوئی جھگڑا نہیں، وزیراعظم

05:13 PM, 25 Oct, 2021

ریاض: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ملک ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع ہیں۔

وزیر اعظم نے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان سعودی عرب انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے ثقافتی اور مذہبی سطح پر گہرے تعلقات ہیں اور سعودی عرب کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے پاکستان پر عزم ہے۔ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے مخلص دوستوں کو یاد رکھتا ہے جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کا معاملہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے تو ہمارا کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ اس وقت پاکستان کی اکثریتی آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ایشیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا اور قومی ائر لائن اس وقت کی بہترین ایئر لائن تھی۔

انہوں نے کہا کہ کل رات پاکستان نے بھارت کو میچ میں بری طرح پچھاڑ دیا تاہم ابھی میچ پر بات کرنے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے۔

مزیدخبریں