کوئٹہ : وزیر اعلیٰ جام کمال خان کے استعفیٰ کے بعد اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے بلوچستان کے وزارت اعلیٰ کے نئے امیدوار ہوں گے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ میر جان محمد جمالی اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا جائے گا۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان سردار عبدالرحمان کھیتران نے بتایا کہ قدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عبدالقدوس بزنجو بلوچستان عوامی پارٹی سے وزرات اعلیٰ کے امیدوار ہیں ۔ اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ کے بعد وہ وزارت اعلیٰ کے عہدے کے لیے اپنی کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔
بلوچستان عوامی پارٹی میں جام کمال مخالف گروپ اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے میر جان محمد جمالی اسپیکر کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہوں گے ۔
باخبر ذرائع کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادیوں کے ان اراکین کو اہم وزارتیں اور حکومتی عہدے ملیں گے جو کہ جام کمال کے خلاف ڈٹے رہے ۔