’بابراعظم کے عمدہ بلے باز بننے میں محمد رضوان کا بہت بڑا کردار ہے‘ سابق بھارتی کرکٹر کا میچ کے بعد دلچسپ تبصرہ

03:31 PM, 25 Oct, 2021

لاہور: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی آکاش چوپڑا نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے ’کلاسی پلیئر‘ بننے میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا بہت بڑا کردار ہے۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں میچ میں شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے آکاش چوپڑا پاکستانی جوڑی کی خوب تعریف کرتے نظر آئے جن کا کہنا تھا کہ بھارت مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں کبھی 10 وکٹوں کی شکست سے دوچار ہوا اور نہ ہی کسی اوپننگ جوڑی نے آج تک بھارت کیخلاف اس قدر شاندار طریقے سے بلے بازی کر رکھی تھی۔ 
انہوں نے کہا کہ بابراعظم ایک کلاس پلیئر ہیں لیکن محمد رضوان نے انہیں اس مقام پر پہنچانے میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔ رضوان کیا ہی زبردست شاٹس کھیلتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بابراعظم کو اپنی بہترین کرکٹ کھیلنے کا موقع میسر آ جاتا ہے۔ بھارت کیخلاف میچ میں دونوں کی بلے بازی شاندار تھی اور حریف ٹیم کو فنا کرنے کیلئے دونوں کی بیٹنگ کمال تھی۔ 
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف کھیلے گئے میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 152 رنز بنائے جس کے جواب میں محمد رضوان نے 79 اور بابراعظم نے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر قومی ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔ 

مزیدخبریں