شاہین آفریدی نے بھارت کیخلاف جیت کا سہرا کس کے سر باندھا؟ ٹوئٹر پر زبردست پیغام جاری کر دیا

شاہین آفریدی نے بھارت کیخلاف جیت کا سہرا کس کے سر باندھا؟ ٹوئٹر پر زبردست پیغام جاری کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف تاریخی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ان تاریخی لمحات کا حصول میری والدہ، والد اور بھائیوں کی دعاؤں کے بغیر ہرگز ممکن نہیں تھا۔ 
شاہین شاہ آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر میچ جیتنے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ جشن منانے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ الحمد اللہ! مداحوں اور اہل خانہ کی سپورٹ اور دعاؤں کے بغیر اس لمحے کا حصول ممکن نہ تھا۔ میں امی جی، ابو جی اور بھائیوں کا خصوصی مشکور ہوں جنہوں نے بے لوث دعائیں اور بھروسہ کیا۔ اس کیساتھ ہی انہوں نے ایک اور زبردست جملہ بھی لکھا کہ ’یقین رکھنا ہے پاکستان‘۔ 


واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں کی تاریخی شکست سے دوچار کر کے ٹورنامنٹ کا آغاز شاندار فتح کیساتھ کیا ہے جس پر پوری قوم خوشی سے نہال ہے اور ملک بھر میں جشن کا سماں ہے۔ 
شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں روہت شرما کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر کے ایل راہول کو کلین بولڈ کر کے فتح کی بنیاد رکھ دی اور جب ویرات کوہلی بڑا سکور کرنے کی جستجو میں نظر آئے تو انہیں بھی آؤٹ کر دیا اور مجموعی طور پر تین وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کیلئے اس دن کو یادگار بنا دیا۔