پاکستان کے ہاتھوں شکست پر بھارتیوں کی مسلمان کھلاڑی محمد شامی پر شدید تنقید

01:28 PM, 25 Oct, 2021

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے جس پر ملک بھر میں تو جشن کا سماں ہے مگر بھارتیوں کیلئے یہ شکست ہضم کرنا مشکل ہو گیا ہے جنہوں نے ہار کا سارا ملبہ مسلمان کھلاڑی محمد شامی پر ڈال دیا ہے۔ 


پاکستان نے باؤلنگ شروع کی تو شاہین شاہ آفریدی نے روہت شرما اور کے ایل راہول کو پویلین کی راہ دکھائی اور دیگر باؤلرز بھی خوب جوش میں نظر آئے جس کے بعدبابراعظم اور محمد رضوان نے پہلی ہی وکٹ میں ٹارگٹ حاصل کر کے 10 وکٹوں سے فتح اپنے نام کرتے ہوئے وہ کر دکھایا جو بھارت کو کئی سالوں تک بھول نہیں سکے گا۔ 


لیکن اس موقع پر بھی بھارتی اپنا دوغلا چہرہ دکھانے سے باز نہ آئے اور بھارتی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو چھوڑ کر صرف مسلمان کھلاڑی محمد شامی پر تنقید کے نشتر چلانے میں مصروف ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کے اکاؤنٹس پر کی گئی پوسٹس پر غلیظ کمنٹس کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

میچ کے دوران تمام بھارتی باؤلرز ہی بابراعظم اور محمد رضوان کے سامنے بے بس نظر آئے لیکن محمد شامی کا قصور صرف یہ ہے کہ اننگز کا 18 واں اوور انہوں نے کروایا جس میں محمد رضوان نے ایک چھکا اور دو چوکے لگائے اور پھر سنگل لی جس کے بعد بابراعظم نے 2 رنز لئے اور یوں مجموعی طور پر اوور میں انہوں نے 17 رنز دئیے۔ بھارتیوں کا کہنا ہے کہ محمد شامی بھارت کی طرف سے نہیں بلکہ پاکستان کی طرف سے کھیلے اور ہماری جیت ہار کا سبب بنے، اگر وہ صحیح گیند بازی کرتے تو جیت ہماری ہوتی۔


سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر محمد شامی پر تنقید کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور انہیں پاکستانی ، پاکستان کی طرف سے کھیلنے والا کے طعنے دئیے جا رہے ہیں اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آپ پاکستان چلے جائیں اور اگلی مرتبہ پاکستان کی طرف سے ہی کھیلیں، حتیٰ کہ غلیظ گالیاں بھی پورے ’جوش و خروش‘ سے دی جا رہی ہیں۔

ایسے میں چند بھارتیوں نے محمد شامی کے حق میں آواز بھی بلند کی مگر اکثریت ان کے ساتھ وہ سلوک کرنے میں مصروف ہے جو کوئی بھی مہذب قوم اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ نہیں کرتی۔ 

مزیدخبریں