دبئی: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ میں اپنے تمام کھلاڑیوں سے التجا کرتا ہوں کہ وہ انڈیا کیخلاف فتح کے بعد زیادہ جوش نہ دکھائیں بلکہ ہوش سے کام لیں، ہم نے انڈیا کو شکست دیدی لیکن اب ہمارا فوکس ایونٹ کے آئندہ میچوں پر ہونا چاہیے۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کے پہلے ہی میچ میں انڈیا کو تاریخی شکست دینے کے بعد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ فتح کسی کی انفرادی پرفارمنس نہیں، ہم ٹیم بن کر کھیلے تو ہمیں کامیابی نصیب ہوئی۔ یہی جذبہ ہم نے آئندہ میچوں میں بھی جاری رکھنا ہے کیونکہ ابھی ورلڈ کپ کی شروعات ہے۔
https://twitter.com/TheRealPCB/status/1452353057212223491?s=20
بابر اعظم نے کہا کہ میری ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے التجا ہے کہ انڈیا کیخلاف فتح کو انجوائے ضرور کریں لیکن ضرورت سے زیادہ پرجوش نہ ہوں کیونکہ ہمارے اس ایونٹ میں بہت میچز باقی پڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کیساتھ میچ گزر گیا، اب ہمارا فوکس دیگر میچوں پر ہونا چاہیے، ہم نے ورلڈ کپ جیتنا ہے۔ ہم کسی بھی ٹائم ریلیکس نہیں ہونگے۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ جس کے ہاتھ میں بائولنگ آئے، جو بیٹ لئے میدان میں اترے اور جو فیلڈنگ کرے، ہمیشہ سو فیصد رزلٹ دے۔ ہمیں اپنی عادتیں تبدیل کرنا ہونگی۔ کھلاڑی خدارا اگلے میچ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائیں۔