عالمی مقابلوں کی تاریخ میں پہلی بار بھارت کو ہرانے پر فخر ہے، شاہین شاہ آفریدی

09:49 AM, 25 Oct, 2021

دبئی: پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ عالمی مقابلوں کی تاریخ میں پہلی بار بھارت کو ہرانے پر فخر ہے۔ ورلڈ کپ میں ساری ٹیمیں مشکل ہیں، کوشش ہو گی کہ اگلے میچز میں بھی یہی مومینٹم برقرار رکھتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کریں۔

اتوار کو دبئی میں بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میچ جیتنے کے بعد اپنے ایک بیان میں پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں گیم پلان کے مطابق بائولنگ کی، میں نے زیادہ سے زیادہ سوئنگ کرانے کی کوشش کی کیونکہ میں جانتا تھا کہ اگر میں شروع میں وکٹیں لینے میں کامیاب ہوا تو یہ ٹیم کیلئے اچھا ہوا اور ایسا ہی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میری کارکردگی ٹیم کی جیت کے کام آئی، عالمی مقابلوں کی تاریخ میں پہلی بار بھارت کو ہرانا پوری ٹیم کیلئے باعث فخر لمحہ ہے،

پوری قوم طویل عرصے سے اس جیت کا انتظار کر رہی تھی، اگلے میچز میں بھی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے خوب محنت کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں نئی گیند کو کھیلنا مشکل ہوتا ہے لیکن بابراعظم اور محمد رضوان کو کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے ڈٹ کر بھارتی بائولرز کا مقابلہ کر کے ٹیم کو یادگار فتح دلوائی۔ فاسٹ بائولر نے کہا کہ ورلڈ کپ میں شریک ساری ٹیمیں ہی مشکل حریف ہیں تاہم ہماری کوشش ہو گی کہ اگلے میچز میں بھی اسی مومینٹم کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو فائنل تک رسائی دلوائیں۔

مزیدخبریں