شاہین شاہ آفریدی کی بائولنگ انڈیا کیخلاف کامیابی میں مددگار ثابت ہوئی، بابراعظم

08:43 AM, 25 Oct, 2021

دبئی: پاکستانی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز بابراعظم نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی روایتی حریف بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں جلد وکٹوں نے ٹیم کو بہت اعتماد دیا اور سپنرز کا بھی حریف بلے بازوں پر غلبہ رہا، بھارت کے خلاف میچ میں ٹیم پر کوئی دبائو نہیں تھا،

ہم نے بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میچز ریکارڈ کے بارے بالکل نہیں سوچا، گیم پلان کے مطابق کھیلے جس کی وجہ سے کامیاب رہے۔ اتوار کو دبئی میں ورلڈکپ میچ میں بھارت کے خلاف فتح کے بعد اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم گیم پلان کے مطابق کھیلی اور شاہین آفریدی کی ابتدائی وکٹیں میچ میں کامیابی کیلئے بہت مددگار ثابت ہوئیں،

اس کے علاوہ سپنرز کی کارکردگی بھی بہت شاندار رہی۔ پاکستانی کپتان نے کہا کہ یہ صرف آغاز ہے، بھارت کے خلاف فتح کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے اور ہمیں مزید اعتماد بڑھانے کی ضرورت ہے، یہ ہمارے لئے میچ بائی میچ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں کسی قسم کا دبائونہیں تھا، کھلاڑیوں نے میچ کیلئے پوری تیاری کر رکھی تھی اور میری کوشش تھی کہ انہیں بھرپور طریقے سے سپورٹ کروں

انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی ورلڈ کپ سے پہلے ٹورنامنٹ کھیلتے ہیں تو اس سے بہت مدد ملتی ہے اور اسی وجہ سے ہمارے کھلاڑی بہت اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ کھیلنے آئے ہیں، اگلے میچز میں بھی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے پوری کوشش کریں گے۔

مزیدخبریں