امریکی صدارتی انتخابات، صدر نے ٹرمپ کو ووٹ ڈال دیا

06:31 PM, 25 Oct, 2020

امریکی صدارتی انتخابات، صدر نے ٹرمپ کو ووٹ ڈال دیا

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے ریاست فلوریڈا میں قبل ازوقت اپنا ووٹ ڈال دیا۔

پولنگ اسٹیشن سے باہر نکلتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹرمپ نامی شخص کو ووٹ دیا ہے۔ امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ ووٹ ڈالنے کا محفوظ طریقہ ہے، ہر چیز بالکل ٹھیک اور درست تھی اور یہ ڈاک کے ذریعے ووٹ بھیجنے سے زیادہ محفوظ ہے۔ امریکی صدر نے پولنگ مرکز میں ووٹ ڈالنے کے لیے جاتے وقت چہرے پر ماسک پہن رکھا تھا۔ جبکہ انھیں امریکا میں کورونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد سے کم ہی چہرے پر ماسک پہنے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدارتی امیدواروں کے آخری مباحثے میں دونوں حریفوں نے ایک دوسرے پر لفظی وار کیے، ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ جوبائیڈن فیملی نے چین، روس اور یوکرین سے پیسہ لیا، جوبائیڈن کو ساڑھے 3 ملین ڈالر روس سے ملے۔ جوبائیڈن کی نائب صدارت کے دور میں ان کے بیٹے اور بھائی امیر ہوئے۔

امریکی صدارتی انتخابات کی بحث کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی آئینہ دکھا دیا۔

خیال رہے کہ آخری مباحثے میں صدارتی حریفوں نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کئے۔ مباحثے میں امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ میں عالمی وبا سے اموات کی ذمہ داری لیتا ہوں، چین سے آئے وائرس سے لڑنے کی ہر ممکن کوشش جاری ہے، ہمیں سکول کھولنے ہوں گے، قوم کو بند کر کے نہیں رکھ سکتے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے روس، سعودی عرب کو تیل کی پیداور میں کٹوتی پر آمادہ کیا، آج تیل کی صنعت بہت اچھی چل رہی ہے، میری پالیسی کی وجہ سے چین نے مصنوعات پر امریکہ کو اربوں ڈالر ٹیکس دیا، جوبائیڈن روایتی سیاستدان ہیں میں نہیں، اسی لیے صدر بنا، آئندہ بھی یقینی بناؤں گا کہ چین عالمی اصولوں کے مطابق چلے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ سابق صدر اوباما سمجھتے تھے شمالی کوریا سے جنگ ہوگی، شمالی کوریا سے کوئی مسئلہ نہیں ، کم جونگ ان سے دوستی ہے، میرے اکاؤنٹس کا آڈٹ ہو رہا ہے، روس جوبائیڈن کو بہت رقم دے رہا ہے، ای میلز نے ظاہر کر دیا، جوبائیڈن کے بھائی نے عراق سے کئی ملین ڈالر بنائے، جوبائیڈن کی حکومت آگئی تو سٹاک مارکیٹ بیٹھ جائے گی، جوبائیڈن نے سیاہ فاموں کو سپر شکاری کہا تھا، وبا اب دور ہوتی جا رہی ہے، چند ہفتوں میں ویکسین آجائے گی میں نے بھی استعمال کی ہے ، جبکہ روس انتخابات میں میری شکست چاہتا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اگر روس اور یوکرائن سے متعلق الزامات درست ہیں تو جوبائیڈن کرپٹ ہیں، میں سب سے کم نسل پرست ہوں، میں نے سیاہ فام کمیونٹی کے افراد کےلیے بہت کام کیے جبکہ سولر، ونڈ انرجی سے امریکی انڈسٹری کو نہیں چلایا جاسکتا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات کے جواب میں مخالف امیدوار جوبائیڈن نے کہا کہ اموات کی ذمہ داری لینے کے بعد ٹرمپ کے پاس صدر رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا، ہم اقتدار میں آکر اس وبا کا خاتمہ کریں گے۔

ٹرمپ چین کو پیسے دے رہے ہیں، میرا وہاں کوئی کاروبار نہیں، جو بھی الیکشن میں مداخلت کرے گا اسے قیمت چکانا پڑے گی۔

مزیدخبریں