لاہور: پنجاب حکومت نے تحصیل ہیڈ کواٹرز کے ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کی تنخواہ کم کر دی۔ محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ نان پریکٹس الاونس صرف ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹرز کو ملے گا جبکہ تحصیل ہیڈ کواٹرز کے ڈاکٹرز کو نان پریکٹس الاونس نہیں ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کی تنخواہ کم کر دی، محکمہ خزانہ کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹرز کے ڈاکٹرز کو نان پریکٹس الاؤنس نہیں ملے گا۔ جس کے باعث تحصیل ہیڈ کوارٹرز کے ڈاکٹرز کی تنخواہ دس ہزار کم کر دی گئی ہے۔ نان پریکٹس الاؤنس صرف ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹرز کو ملے گا۔
محکمہ خزانہ پنجاب نے تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کے نان پریکٹس الاونس واپس کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ہزاروں ڈاکٹرز کی تنخواہ سے ایک سال کے نان پریکٹس الاونس کی مد میں ریکوری کی جائے گی۔
محکمہ خزانہ پنجاب کا کہنا ہے کہ 1975 کے ایک مراسلے کے مطابق تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتال کے ڈاکٹرز کو نان پریکٹس الاونس فراہم نہیں کیا جاسکتا۔ گزشتہ سال میں ڈاکٹرز کو نان پریکٹس الاونس کی مد میں فراہم کی گئی رقم کی کٹوتی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتال کے ڈاکٹرز کو ماہ اکتوبر کے مہینے کا بھی نان پریکٹس الاونس نہیں ملے گا۔
ادھر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے محکمہ خزانہ کو پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں کے فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کے لیے ایک ہفتے کا الٹی میٹم دیدیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وائی ڈی اے کا کہنا تھا کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں پانی کی ٹینکی کی تعمیرکے لیے فنڈز روک دئیے ہیں۔ اس کے علاوہ میو ہسپتال اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے بوائے ہاسٹل کے درمیان پُل بنانے کے لیے فنڈز جاری نہیں کئے جا رہے ہیں۔
ترجمان وائی ڈی اے نے مزید بتایا کہ محکمہ خزانہ نے ہسپتالوں کا بجٹ کوارٹر ریلیز کرنے سے انکار کر دیا۔ میو ہسپتال کے انٹرنیز ہاسٹل کی تزئین و آرائش کے لیے جاری فنڈز بھی روک لیے گئے ہیں۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز جاری نہ کرنے پر سرکاری ہسپتالوں کے کام ٹھہر کر رہے گئے ہیں۔
ادھر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے وزیر خزانہ کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم دیا ہے۔ اگر فنڈز جاری نہ کیے گئے تو ینگ ڈاکٹرز سول سیکرٹریٹ کے مین گیٹ کے سامنے احتجاج کریں گے۔