اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے فرانسیسی صدر کے گستاخانہ خاکوں سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت ﷺ پر ہماری جان بھی قربان ہے، اظہار رائے کے نام پر مسلمانوں کی دل آزاری کی جاتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے ختم نبوت ﷺ کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑا، مسئلہ کشمیر کو بھی وزیراعظم نے دنیا بھر میں اجاگر کیا۔ اس کے علاوہ عمران خان نے مسئلہ فلسطین پر بات کرکے بڑے ممالک سے دشمنی مول لی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے آنے سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے آر ایس ایس کے نظریئے کو دنیا کے سامنے رکھا۔ عمران خان کیخلاف مہم پر بھارت میں جشن منایا جا رہا ہے۔ بھارت اور اسرائیل عمران خان کیخلاف مہم چلا رہے ہیں۔ اب پاکستان کو دنیا دہشت گردی کی بجائے سیاحت کے نام سے جاننے لگی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے بھارت کے عزائم کو خاک میں ملا دیا، آج بھارت کو دنیا میں شرمندگی کا سامنا ہے۔
مراد سعید نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج روزانہ کی بنیاد پر سرکس بھی لگتے ہیں، اپنی کرپشن کے دفاع کیلئے اداروں کو نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔ بھارتی میڈیا ان کی سرکس کو جس طرح کوریج دے رہا ہے سب کو علم ہے۔ بھارت کوشش کر رہا ہے کہ پاکستان میں اداروں کو آپس میں لڑایا جائے۔ بھارت کی نواز شریف سے اتنی محبت کی کیا وجہ ہے؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو فیٹف میں بلیک لسٹ کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی، 80 لاکھ کشمیری اس وقت بھارت کے ظلم و جبر کا شکار ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف 80 ہزار جانیں قربان کیں، مسئلہ کشمیر پر ایک سال میں 3 بار بحث ہوئی۔
انہوں نے کہا بھارت اس بات کا اعتراف کر چکا ہے کہ وہ نواز شریف پر سیاسی اور سفارتی انویسٹمنٹ کرتا رہا ہے۔ بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور بنایا جائے۔ بھارت چاہتا ہے کشمیر پر پاکستان کا مؤقف اتنا کمزور ہو کہ وہ بات نہ کرسکے۔ بھارتی خاتون برکھا دت نے اپنی کتاب میں نواز شریف کی خفیہ ملاقات بارے لکھا ہے، خفیہ ملاقات وہی کرتا ہے جس کے دل میں چور ہوتا ہے۔