ممبئی: بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ نیہا ککڑان دنوں زبردست سرخیوں میں ہیں اور وہ گزشتہ دن روہن پریت سنگھ سے شادی کے بندھن میں بندھ گئں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیہا ککڑ اور روہن پریت سنگھ کو لیکر خبریں تو کافی وقت سے چل رہی تھیں لیکن گزشتہ روز اس خوبصورت جوڑے نے شادی کرلی ہے اور دونوں کی پھیروں کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
یہ ویڈیو کو شادی کے دوران لیک ہوئی جس میں نئی نویلی دلہن نیہا ککڑ اور دولہے روہن پریت پھیرے لیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں نیہا اور روہن کے چہرے پر خوشی صاف طور سے نظر آرہی ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیہا ہلکے گلابی رنگ کے لہنگے میں نظر آرہی ہیں تو وہیں روہن پریت سنگھ بھی میچنگ شیروانی پہنے نظر آ رہے ہیں۔ روہن نے ہاتھ میں کٹار بھی لے رکھی ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیہا ککڑ اور روہن ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر پھیرے لے رہے ہیں اور آس پاس لوگوں کو دیکھ کر مسکرا بھی رہے ہیں۔
ویڈیو میں ہمیشہ کی طرح دونوں ہی بیحد خوبصورت نظر آرہے ہیں۔اس ویڈیو دیکھا جاسکتا ہے کہ نیہا ککڑ اور روہن پریت سنگھ کے رشتے دار گوردوارے میں ہیں اور یہاں شادی کی خصوصی رسمیں ہو رہی ہیں۔
’دلبر، او ساقی، آنکھ مارے، یاد پیا کی آنے لگی، میں تیری گرل فرینڈ، چھما چھما اور نکلے کرنٹ‘ جیسے نئی نسل میں بے حد مقبول ہونے والے گیت گانے والی 32 سالہ بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے ساتھی گلوکار روہن پریت سنگھ سے رواں ماہ کے آغاز میں ہی روہن پریت سنگھ سے تعلقات کی تصدیق کرتے ہوئے دونوں نے منگنی بھی کرلی تھی۔
دونوں کے حوالے سے خبریں تھیں کہ جلد ہی دونوں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، تاہم دونوں نے اس حوالے سے کوئی بھی وضاحت نہیں کی تھی۔
نیہا ککڑ اور روہن پریت سنگھ کی گزشتہ چند ہفتوں سے سوشل میڈیا پر متعدد رومانوی تصاویر اور ویڈیوز بھی وائرل ہوتی رہی اور یہ خبریں بھی پھیلتی رہیں کہ ممکنہ طور پر دونوں نے خاموشی سے شادی کرلی ہے، تاہم ایسی خبروں کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
چند دن قبل ہی دونوں کا مشترکہ گانا ’نیہا دا وواہ‘ بھی ریلیز ہوا تھا، جس میں نہ صرف دونوں نے آواز کا جادو جگایا تھا بلکہ دونوں ماڈلنگ اور رومانس بھی کرتے دکھائی دیے تھے۔
مذکورہ گانے کے وائرل ہونے کے ایک دن بعد ہی خبریں آنے لگی تھیں کہ دونوں کی شادی کی رسومات بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں شروع ہوگئیں اور ان کی شادی کی رسومات کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی تھیں۔
روہن پریت سنگھ سے تعلقات سے قبل نیہا ککڑ کے تعلقات گلوکار و ڈانسر ہیمانشو کوہلی سے تھے، تاہم 2018 میں ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔
نیہا ککڑ نے انتہائی کم عمری میں سکھ مذہبی گیتوں سے گلوکاری کا آغاز کیا تھا، تاہم معروف میوزک ریئلٹی شو انڈین آئیڈل کے دوسرے سیزن سے انہوں نے مقبولیت حاصل کی۔