دسمبر حکومت کے جانے کا مہینہ ہے، سردار ایاز صادق کا دعویٰ

12:56 PM, 25 Oct, 2020

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بہت جلد چوروں سے جان چھوٹ جائے گی۔ دسمبر حکومت کے جانے کا مہینہ ہے۔ لاہور میں ہونے والا جلسہ حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دے گا۔

سردار ایاز صادق کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سوچ محدود ہے جن کے ذہن پر نواز شریف مسلط ہو چکے ہیں۔ وہ اٹھتے بیٹھتے نواز شریف کیخلاف نئے کیسز بارے حکم دیتے ہیں۔ غریب آدمی کے حقوق کیلئے آواز اٹھانا مسلم لیگ (ن) کیلئے جرم بن گیا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے اورنج ٹرین کا منصوبہ شروع کیا جس کا آج افتتاح ہو رہا ہے۔ جو لوگ اس منصوبے کا فیتہ کاٹیں گے، وہ شرمندہ ہوں گے۔ حکومت کا بی آر ٹی منصوبہ میٹرو بس منصوبے سے 4 گنا لاگت میں مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے پنجاب کی حالت بدل دی، وہ عام آدمی کی زندگی میں محنت کرکے تبدیلی لائے۔ ان کا جرم یہ ہے کہ انہوں نے تمام تکالیف برداشت کیں لیکن نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز سمیت ان کی ٹیم نے لاہور کو ایک بہترین شہر بنایا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے سے پہلے لاہور کا شمار گندے شہروں میں ہوتا تھا۔ ہماری حکومت آئی تو پاکستان بھر میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا۔ ہم نے بجلی کے منصوبے لگائے اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ نوازشریف نے موٹر وے، میٹرو اور اورنج لائن جیسے بڑے منصوبے شروع کئے۔ لاہور میں سیوریج اور پینے کے پانی کا بہت بڑا مسئلہ تھا، ان مسائل کو بھی دور کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں