چیف سیکرٹری پنجاب کا آٹے کی مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کا نوٹس

12:44 PM, 25 Oct, 2020

لاہور: چیف سیکرٹری پنجاب نے سپیشل برانچ کی رپورٹ پر آٹے کی مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو لاہور، گوجرانوالہ اور گرانفروشی میں ملوث پائے گئے دکانداروں اور ڈیلروں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیدیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے پرائس کنٹرول اجلاس میں رپورٹ پیش کی جس میں لاہور، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں مقررہ قیمت سے زائد پر آٹا فروخت کرنے والوں کی نشاندہی کی گئی۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا جکہ سپیشل برانچ، انٹیلی جنس بیورو اور اربن یونٹ کو نگرانی کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

خیال رہے گزشتہ روز ٹائیگر فورس کی اطلاع پر مختلف مقامات پر کارروائیوں میں ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی میں ملوث 55 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس دوران متعدد دکانیں اور سٹور کو سیل کرکے لاکھوں روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔

انتظامیہ نے سبزی منڈی میں بھی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سبزی اور فروٹ مہنگے داموں بیچنے والے 15 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کریک ڈاؤن کی خود مانیٹرنگ کرتے رہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کی طرف سے جب ٹائیگر فورس کا اعلان کیا گیا تھا تو اس پر بہت تنقید کی گئی تھی اور بعد ازاں ٹائیگر فورس بھی بہت دلبرداشتہ ہو گئی تھی کیونکہ انہیں کارکردگی دکھانے کا موقع نہیں جا رہا تھا۔

مزیدخبریں