راولپنڈی:وقافی وزیر شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ نواز شریف فساد کی جڑ ہیں ،وہ پہلے ملک سے بیماری کا بہانہ بنا کر بھاگے اور اب ملک میں انتشار پھیلانے کا پروپگینڈا کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا اگر نواز شریف فساد کی جڑ ہیں تو ان کی بیٹی مریم نواز اس کا ذریعہ ہیں ۔
شیخ رشید کا کہنا تھا جب سے لوگ شکنجے میں آئے ہیں اس وقت سے این آر او مانگ رہے ہیں اب جب عمران خان نے این آر او نہ دینے کا اعلان کردیا ہے تو آل شریف اسمبلی سے نکل کر سڑکوں پر این آر او مانگ رہا ہے ،انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن اور لوٹ مار کرنیوالے جب سڑکوں پر دھکے کھانے لگیں تو سمجھ لو زوال آچکا ہے ۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ کوئٹہ کی جلسی میں جھنڈے زیادہ، بندے کم تھے،بابراعوان نے یہ بات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کہی ۔
وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقتدار میں بلوچستان کو نظر انداز کرنے والا مودی کا حاشیہ بردار اور بیانیہ بردار پھر بولا کہ چور کو عزت دو۔بابر اعوان نے کہا کہ چور کو عزت دو موومنٹ کوئٹہ میں بھی پٹ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پانچ سال پورے کرے گی۔