سری نگر:بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور عالمی تنازعات کے حل کے لئے 1945 ءمیں معرض وجود میں آنے والا اقوام متحدہ کا ادارہ سات دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود تنازعہ کشمیر حل کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے اقوام متحدہ کے یوم تاسیس کے موقع پر آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ عالمی ادارے نے کشمیر سے متعلق متعدد قراردادیں منظور کیں جن میں یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ کشمیری عوام کو رائے شماری کے ذریعے ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت دیا جائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے ان قراردادوں کو تسلیم کیاہے اور وعدہ کیا تھا کہ کشمیریوں کو اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا لیکن بعد میں وہ ان وعدوں سے مکر گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے جنوری 1989 سے لے کر اب تک غیر قانونی طور پر بھارتی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں میں 95ہزار706 افراد کوشہید کیاہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2016ءکے بعد علاقے میں ہزاروں کشمیری بھارتی فوجیوںکی طرف سے استعمال کئے گئے پیلٹز کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں اور ان میں سے 400 کے قریب زخمی بینائی سے مکمل طور پر محروم ہوگئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے 05 اگست 2019 کو جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت میں اہم تبدیلی کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے بعد اگرچہ اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل کے تین اجلاس منعقد کیے لیکن وہ بھارت کے خلاف کوئی واضح اقدام کرنے میں ناکام رہا۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی ایک نئی سازش کے تحت مودی حکومت نقل مکانی کرنے والے کشمیری پنڈتوں کے لئے قائم کی گئی خصوصی کالونیوں میں بھارتی ہندوئوں کو آباد کررہی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما خواجہ فردوس نے سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اور جموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے چیئرمین قاضی محمد ارشاد نے جموں میں ایک بیان میں اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم کرنے کے لئے تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے اقدامات کرے۔دریں اثنا ء سرینگر ، گاندربل ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ،بڈگام اور دیگر علاقوں میں پاکستانی رہنماو ¿ں کے پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں۔
جموں وکشمیر لبریشن الائنس نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ، صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کی تصاویر والے پوسٹرز چسپاں کیے جن پر کشمیر سے متعلق ان کے بیانات بھی درج ہیں۔ پوسٹروں میں لکھا گیا ہے کہ ’’کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے‘‘،’’آزادی کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے‘‘ اور’’ پاکستان جموں و کشمیر کے لئے ہر فورم پر ہر طرح کی مدد فراہم کرے گا‘‘۔
بھارتی فوجیوں نے سوپور اور پلوامہ کے علاقوں میں محاصروں اور تلاشی کی کاروائیاں شروع کیں جس سے مقامی باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادی کشمیر شاخ نے اقوام متحدہ کے یوم تاسیس کے موقع پر آج اسلام آباد میں عالمی ادارے کے دفتر کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس کا مقصد اس کی توجہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حالت زارکی طرف مبذول کرانا تھا۔
مظاہرین نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے بچانے کے لئے تنازعہ کشمیرکے بارے میں منظورشدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔ پاسبانِ حریت جموں و کشمیر نے آزاد جموں و کشمیر کے علاقے چکوٹھی میں کنٹرول لائن کے قریب بھارت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کاحل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی کی واضح مثال ہے۔