دبئی : ٹی ٹین لیگ میں پاکستان، بھارت اور دنیا کے صف اوّل کے کرکٹرز حصہ لیں گے، منتظمین نے لیگ کیلئے پی سی بی کو مطمئن کردیا ہے جس کے بعد شاہد آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ ،آصف علی، اکمل برادران سمیت بڑے پاکستانی کھلاڑی اس لیگ میں شریک ہوں گے۔
ٹی ٹین کے چیرمین شجیع الملک کا کہنا ہے کہ ٹی 10 لیگ دنیا کی بڑی لیگ ہوگی،امارات بورڈ بھی ہمارے ساتھ کھڑا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کے عوض معاوضے کی ادائیگی کی جارہی ہے لیکن معاہدے کے مطابق معاوضے کی رقم نہیں بتا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر محمد عامر ٹیسٹ ٹیم میں نہیں ہوئے تو وہ بھی لیگ میں شریک ہوں گے جبکہ بھارتی کرکٹرز کی شرکت بڑی کا میابی ہے۔ لیگ کی شفافیت کے حوالے سے پی سی بی اور آئی سی سی کو مطمئن کردیا ہے۔
دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں سال ٹورنامنٹ کا دورانیہ زیادہ ہے اس لیے پی سی بی کی فیس بھی زیادہ ہوگی۔ ٹی10 کو بدنام کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
20 پاکستانی کرکٹرز پی سی بی سے این او سی حاصل کرنے کے بعد ٹی 10 لیگ میں شرکت کریں گے جو 21 نومبر سے 2 دسمبر تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی۔