وزیراعظم ہائوس کی گاڑیوں کی نیلامی میں خریداروں کی عدم دلچسپی

04:47 PM, 25 Oct, 2018

اسلام آباد: وزیراعظم ہائوس کی گاڑیوں کی نیلامی میں خریداروں کی عدم دلچسپی کے باعث صرف 2 گاڑیاں ہی فروخت ہوسکیں تاہم جس وقت بلٹ پروف گاڑیوں کی نیلامی شروع ہو ئی تو خریدار اٹھ کر چلے گئے ۔


تفصیلات  کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کے تحت وزیراعظم ہائوس کی گاڑیوں کی نیلامی کا سلسلہ جاری ہے۔آج میں وزیراعظم ہائوس میں نیلامی کے لیے 18 گاڑیاں پیش کی گئیں جن میں صرف 2 گاڑیاں فروخت ہوسکیں، ان میں 1986 ماڈل کی ایک گاڑی ایک لاکھ 75 ہزار اور سال 2006 ماڈل کی فور بائے فور گاڑی 18 لاکھ 10 ہزار میں فروخت ہوئی جب کہ دونوں گاڑیوں کی فروخت متعلقہ حکام کی منظوری سے مشروط ہے۔

 
وزیراعظم ہائوس کی 20 بلٹ پروف گاڑیوں کی نیلامی میں بھی خریداروں نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا اور ان گاڑیوں کی نیلامی شروع ہوتے ہی خریدارچلے گئے۔وزیر اعظم ہائوس کی انتظامیہ کا کہناہے کہ بلٹ پروف گاڑیوں کے لیے وزارت داخلہ کا این او سی درکار ہے، اب 6 نومبر کو گاڑیوں کی نیلامی دوبارہ ہوگی تاہم یہ تاریخ حتمی نہیں ہے۔


واضح رہے کہ وزیراعظم ہائوس میں گاڑیوں کی نیلامی مرحلہ وار جاری ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم ہائوس میں موجود بھینسیں بھی فروخت کی جاچکی ہیں۔

مزیدخبریں