نئی دہلی: دو سینئر افسروں کی لڑائی نے سنگین جرائم کی تحقیقات کرنےو الے بھارتی ادارے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کو مذاق بنادیا، مرکزی حکومت نے دو افسروں کے ایک دوسرے کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈائریکٹر سی بی آئی الوک ورما اور ان کے نائب راکیش استھانا کے مابین کشمکش اس وقت شدت اختیار کرگئی جب راکیش استھانا کی ایما پر گزشتہ ہفتے سی بی آئی کے ایجنٹوں نے اپنے ہی ہیڈکوارٹرز پر چھاپہ مار کر ایک افسر کو جعلی ریکارڈ تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا تاکہ ڈائریکٹر الوک ورما کے خلاف الزامات کے شواہد جمع کئے جاسکیں۔
وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے مطابق دونوں افسروں کے الزامات کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے تاہم انہوں نے الزامات کی تفصیل بتانے سے گریز کیا۔