کراچی : سیکریٹری ایوی ایشن اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ثاقب عزیز نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کی۔
انہوں نے پی آئی اے کے کارکنان کی جانب سے سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کئے گئے ڈیمز فنڈ میں بائیس ملین روپے کا چیک ان کے حوالے کیا۔ اس موقع پر پی آئی اے کارکنان کی تمام نمائندوں تنظیموں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔
جن میں ساسا کے جنرل سیکریٹری صفدر انجم، سی بی اے کے نائب صدر ضمیر حسین چانڈیو، پالپا کے صدر رضوان گوندل اور سیب کے صدر وسیم ایوب بھی شامل تھے۔
اپنے پیغام میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ثاقب عزیز نے کہا کہ پی آئی اے کارکنان نے ملکی ترقی میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے اور ہر طرح کے حالات میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
سپریم کورٹ اور حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر کے لئے قائم کئے گئے چندہ مہم میں بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔پی آئی اے کارکنان نے ائر لائن کے مشکل حالات کے باوجود اپنی ایک دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ کے لئے عطیہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترم چیف جسٹس ثاقب نثار نے پی آئی اے کی اس کاوش کو بہت سراہا ہے۔