ریاض :سعودی عرب نے پانچ سو ارب ڈالر کی لاگت سے ایک نیا شہر اور کاروباری زون تعمیر کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے این ای او ایم (نیوم)نامی منصوبے کے بارے میں بتایا کہ ملک کے شمال مغربی علاقے میں 26 ہزار پانچ سو مربع کلومیٹر پر محیط ہو گا۔
اس منصوبے کا اعلان سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ بین الاقوامی بزنس کانفرنس میں کیا گیا۔منصوبے کو مصر اور اردن تک توسیع دینے کا اعلان بھی کیا گیا تاہم دونوں ممالک کی جانب سے تاحال اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔اربوں ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والے اس منصوبے میں نو شعبوں پر توجہ دی جائے گی جس میں خوراک، ٹیکنالوجی، توانائی اور پانی شامل ہے۔
یہ منصوبہ ولی عہد محمد بن سلمان کے اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ملک کا انحصار تیل سے حاصل ہونے والی آمدن پر کم کرنا ہے۔اس سے پہلے اگست میں سعو دی عرب نے سیاحوں کے لیے ایک بڑے پروجیکٹ کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں بحرِ احمر کے ساتھ موجود 50 جزیرے لگژری سیرگاہوں میں بدل جائیں گے اور اس منصوبے سے امید کی جا رہی ہے کہ اس سے غیر ملکی سیاح اور مقامی افراد کو متوجہ کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی معیشت کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ این ای او ایم (نیوم)نامی منصوبے کو ریاست کے علاوہ، مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی طرف سے سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔بیان کے مطابق نیوم نامی منصوبے سے سال دو ہزار تیس تک سعودی معیشت میں ایک سو ارب ڈالر تک حصہ ہو گا اور یہ بحرِ احمر کے ساحل اور عقابہ خلیج پر ایک پرکشش منزل ہو گا جو ایشیا، افریقہ اور یورپ سے جوڑے گا۔