محسن نقوی کا سخت بیان: "احتجاج کی کال دینے والوں کو نہیں چھوڑیں گے"

محسن نقوی کا سخت بیان:

راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جن افراد نے احتجاج کی کال دی اور لوگوں کو اکٹھا کیا، ان سب کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اور پولیس اہلکار کے قتل کی ایف آئی آر ان تمام افراد پر درج ہوگی۔ راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر پولیس گولی کا جواب گولی سے دیتی تو یہ آسان تھا، لیکن پولیس نے گولی کا جواب آنسو گیس اور ربر بلٹ سے دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار مبشر بلال اپنی ڈیوٹی کے دوران شہید ہوئے ہیں، اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی، اور اسلام آباد پولیس کے 2 جوان شدید زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کی فورس نے گولیوں کا جواب نہیں دیا بلکہ امن قائم رکھنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نے بتایا کہ 119 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، اور 22 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری 2 لاکھ سے زائد کی فورس ہے، لیکن ہم نے اسلحہ کا استعمال نہیں کیا، اور ملک کو محفوظ بنانے کے لیے ہم تیار ہیں۔