بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف نے استقبال کیا

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف نے استقبال کیا

اسلام آباد:بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ پی اے ایف نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔

اپنے دورے کے دوران، بیلاروس کے صدر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، اور پاکستان کی عسکری قیادت سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

بیلاروس کا وزارتی وفد وزیر خارجہ میکسم رائزنکوف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جس کا استقبال وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ شفقت علی خان نے کیا۔

دورے کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے درمیان ٹریڈ روڈ میپ پر دستخط کیے جائیں گے، اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ ان شعبوں میں زراعت، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی اور ادویات سازی شامل ہیں۔

اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ طور پر الیکٹرک بسوں کی پیداوار، زرعی مشینری اور ٹریکٹرز کی تیاری میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی و دفاعی تعاون، اور عالمی و خطے کی صورتحال پر بھی گفتگو کی جائے گی۔