دھوکے سے دوسری شادی کرنا ہمارے معاشرے میں معمول بن چکا ہے: حریم فاروق

05:05 PM, 25 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: اداکارہ حریم فاروق نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں دھوکے سے دوسری شادی کرنا اب ایک معمول بن چکا ہے، اور یہی موضوع ان کے ڈرامے ’بسمل‘ میں بھی پیش کیا گیا ہے۔ حریم فاروق، جو کہ اس ڈرامے میں ایک کاروباری شخص کی دوسری بیوی کا کردار ادا کر رہی ہیں، نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اس منفی کردار کو ادا کرنے کے دوران ان کی ذہنی حالت متاثر ہوئی، جس کی وجہ سے وہ کافی عرصے تک منفی خیالات کا شکار رہیں۔

حریم فاروق نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ان کی پروڈیوس کردہ فلم ’مینگو جٹ‘ شوٹنگ کے مراحل میں ہے، جس میں فیصل قریشی اور شمعون عباسی جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے ہانیہ عامر کو متعارف کرانے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج اپنے ٹیلنٹ کی بدولت پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہی ہیں۔

ڈرامے ’بسمل‘ کی کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک کاروباری شخص اپنی پہلی بیوی اور بیٹے کو دھوکہ دے کر دوسری شادی کرتا ہے، جس سے خاندان میں مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ حریم فاروق نے اس بات پر زور دیا کہ دھوکے سے کی جانے والی دوسری شادیاں اب معاشرتی مسائل بن چکی ہیں۔

مزیدخبریں