پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے 8 معاہدوں پر دستخط

03:41 PM, 25 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے 8 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم ان کی معاشی صلاحیتوں کا مکمل عکاس نہیں ہے، اور اس میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر تجارت نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے سرمایہ کاری، معلومات اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے خواہاں ہے۔

پاکستان-بیلاروس بزنس فورم میں بیلاروس کے وزیر توانائی الیکسی کشنا رینکو اور دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔ جام کمال خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں توانائی، انفرااسٹرکچر، آئی سی ٹی، زراعت اور دیگر شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 8 معاہدوں پر دستخط سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں نئی راہیں کھلیں گی۔

بیلاروس کے وزیر توانائی نے بھی اس بات پر زور دیا کہ ایسی ملاقاتیں پاکستان اور بیلاروس کے تجارتی شعبوں میں براہ راست مذاکرات کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیلاروس کی زرعی مشینری اور ڈیری مصنوعات کی پاکستانی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہے، اور بیلاروس میں پاکستان کی ہلکی صنعتی اشیاء اور خوردنی مصنوعات کی طلب ہے۔

مزیدخبریں