یوٹیوب شارٹس کے لیے نیا اے آئی فیچر "ڈریم اسکرین" متعارف

یوٹیوب شارٹس کے لیے نیا اے آئی فیچر

لاہور : اگر آپ یوٹیوب شارٹس بنانا پسند کرتے ہیں تو اب یہ کام مزید آسان ہو جائے گا، کیونکہ یوٹیوب نے "ڈریم اسکرین" نامی ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اے آئی کی مدد سے ویڈیوز میں پس منظر (بیک گراؤنڈ) تیار کرسکیں گے۔

یہ فیچر گوگل کے ویو (Veo) اے آئی ویڈیو جنریشن ماڈل کی مدد سے کام کرے گا، جو 1080p ریزولوشن میں مختلف سنیماٹک اسٹائلز میں ویڈیوز تیار کرسکتا ہے۔ اب تک، اس فیچر میں صرف امیجز کے بیک گراؤنڈز تیار کیے جا سکتے تھے، لیکن نئی اپ ڈیٹ کے ساتھ صارفین کو ویڈیو بیک گراؤنڈز بنانے کی سہولت ملے گی۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے، صارفین کو یوٹیوب کے شارٹس کیمرے میں جانا ہوگا، جہاں وہ گرین اسکرین آئیکون پر کلک کریں گے اور پھر "ڈریم اسکرین" کو منتخب کریں گے۔ اس کے بعد، صارفین اپنی تحریری ہدایت لکھیں گے، جیسے "پس منظر میں سمندر کی لہریں" اور اس کے مطابق اے آئی ویڈیو بیک گراؤنڈ تیار ہوگا۔ ایک بار بیک گراؤنڈ منتخب کرنے کے بعد، وہ اسے اپنے ویڈیو کا حصہ بنا سکیں گے۔

کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر کے ذریعے مختلف اقسام کے ویڈیو بیک گراؤنڈز تیار کیے جا سکتے ہیں، اور مستقبل میں 6 سیکنڈ طویل ویڈیوز بھی تیار کی جا سکیں گی۔ فی الحال یہ فیچر امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

مصنف کے بارے میں