دنیا بھر میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے

دنیا بھر میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے

لاہور : آج 25 نومبر کو دنیا بھر میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا آغاز 1960ء میں ڈومینکن ری پبلک کی تین بہنوں پیٹریامر سیڈیز میرابل، انتونیا ماریا ٹیریسا میرابل اور  ماریا اجنٹینا منروا میرابل  کے قتل کی یاد میں کیا گیا تھا، جو آمر حکمران رافیل ٹروجیلو کے ظلم کا شکار ہوئیں۔

یہ بہنیں ٹروجیلو کی آمرانہ حکومت کے خلاف جدوجہد کر رہی تھیں، اور ان کے قتل نے دنیا بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے مسئلے کو اجاگر کیا۔اقوام متحدہ نے 1999ء میں اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا تاکہ دنیا بھر میں خواتین پر تشدد کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جا سکے۔ اس دن کا مقصد خواتین کو ذہنی، جسمانی اور جنسی تشدد سے بچانے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کی اہمیت کو سمجھنا اور اس مسئلے کے بارے میں معاشرتی شعور بیدار کرنا ہے۔

پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی ممالک میں خواتین کو گھریلو تشدد اور دیگر نوعیت کے تشدد کا سامنا عام ہے، جس کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے انہیں اکثر سماجی، ثقافتی اور معاشی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک عورت کسی نہ کسی شکل میں تشدد کا شکار ہوتی ہے۔

 اس دن کو منانے کا مقصد خواتین کے حقوق کی حفاظت کرنا، تشدد کے خلاف ان کی آواز کو بلند کرنا اور انہیں اپنی زندگی گزارنے کا مکمل حق فراہم کرنا ہے۔آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم سب مل کر ایک ایسی دنیا بنائیں جہاں ہر عورت کو عزت، تحفظ اور مساوات کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہو۔

مصنف کے بارے میں