پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کے تعلیمی ادارے آج بندرہیں گے

09:41 AM, 25 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث آج اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

مری ضلع کے تعلیمی ادارے بھی آج بند ہوں گے، جب کہ بہاولپور کی اسلامیہ یونیورسٹی نے آج اور کل ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔ یونیورسٹی کے مطابق ملتوی ہونے والےپرچے اب 2 اور 3 دسمبر کو ہوں گے، تاہم کلاسیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

پی ٹی آئی کے احتجاجی قافلے پنجاب سے ہوتے ہوئے اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں، جس کے باعث اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ  جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے لیے رینجرز، ایف سی، ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

اس صورتحال کی وجہ سے شہریوں کو شدید ٹریفک جام اور سفر میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔ حکام نے عوام کو محتاط رہنے اور احتجاجی مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں