اسلام آباد :پاکستانیوں کے لیے نئی سفری سہولت شروع کردی گئی ہے۔ ای پاسپورٹ کا اجرا شروع کردیاگیا ہے۔ نارمل فیس 9 ہزار،ارجنٹ کی 15 ہزار مقرر کی گئی ہے۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے ملک بھر میں ای پاسپورٹ کا اجراکیا ہے ۔ یہ سہولت کافی عرصے سے التوا کاشکار تھی تاہم اب اس کو پاکستانیوں کے لیے شروع کردیاگیا ہے۔ جلد ہی اسلام آباد ، لاہور اور کراچی سمیت دیگر انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر ای گیٹ یا سمارٹ گیٹ لگا دئیے جائیں گے۔ ای پاسپورٹس رکھنے والے مسافر ان سمارٹ گیٹس سے گزرتے ہوئے امیگریشن پراسس مکمل کر لیں گے۔
پانچ سال کے لیے 36 صفحات پر مشتمل ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 9 ہزار اور ارجنٹ کی 15 ہزار روپے ہوگی۔ دس سال کی مدت کے ای پاسپورٹ کی نارمل فیس ساڑھے 13 ہزار جبکہ ارجنٹ کی ساڑھے 22 ہزار ہوگی۔ پانچ سال کیلیے 72 صفحات کے ای پاسپورٹ کی نارمل فیس ساڑھے 15 ہزار اور ارجنٹ کی فیس 27 ہزار روپے ہوگی۔ دس سال کے لیے 72 صفحات کے ای پاسپورٹ فیس 24 ہزار 750 اور ارجنٹ فیس ساڑھے 40 ہزار روپے ہوگی۔
پاکستان میں کسی بھی پاسپورٹ آفس سے ای پاسپورٹ بنوانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔ جدید ٹیکنالوجی سے بنائے گئے ای پاسپورٹ میں 20 سے زائد سکیورٹی فیچرز ہیں۔ ای پاسپورٹ میں پاسپورٹ ہولڈر کا سارا ریکارڈ اور سفری تفصیل موجود ہوگی۔ جلد ہی یورپ اور امریکا سمیت دیگر ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں بھی ای پاسپورٹس بنانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔