بیجنگ: چین نے فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، اسپین اور ملائیشیا کے شہریوں کے لیے عارضی ویزا چھوٹ کا اعلان کر دیا جس کا مقصد وبائی امراض کے بعد کی سیاحت کو بحال کرنا ہے۔
چین نے گزشتہ روزاعلان کیا کہ یکم دسمبر سے شروع ہونے والی اس اسکیم میں فرانسیسی شہری ان متعدد ممالک میں شامل ہوں گے جن کو 15 دن تک چین میں ویزہ کے بغیر داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 1 دسمبر 2023 سے 30 نومبر 2024 تک، ان ممالک کے افراد چین میں کاروبار، سیاحت، رشتہ داروں سے ملنے یا بغیر ویزا کے 15 دن تک سفر کے لیے چین میں داخل ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے صرف سنگاپور، برونائی اور جاپان کے شہریوں کو 15 دن سے کم قیام کے لیے ویزا فری داخلہ دیا جاتا تھا۔
فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا نے گزشتہ روزبیجنگ میں چینی وزیر اعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی، اس مختصر دورےمیں اسرائیل اور حماس جنگ کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان وفود کےتبادلوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
چین کے ویزا فری انٹری کے اقدام پر کیتھرین کولونا نے کہا کہ یہ خبر خوش آئند ہے۔
چین بتدریج بین الاقوامی پروازوں کے راستوں کو بحال کر رہا ہے اور سفری پابندیوں میں نرمی کر رہا ہے۔ یہ اقدام کئی سالوں کے سخت COVID-19 اقدامات کے بعد اپنے سیاحت کے شعبے کو بحال کرنے اور مغربی ممالک کے ساتھ تناؤ کے درمیان اپنے عالمی امیج کو بہتر بنانے کی چین کی کوششوں کے بعد کیا گیا۔
چین میں یورپی چیمبر آف کامرس اس ویزے کی استثنیٰ کو کاروباری اعتماد کو بڑھانے کے لیے ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھتا ہے، جس سے لوگوں کے درمیان تبادلے کو آسان بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر، اس اقدام کو چین کی وسیع تر حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاکہ اس کی سیاحت کی صنعت کو از سر نو بحال کیا جا سکے اور وبائی امراض کے بعد کے دور میں سفارتی تعلقات کو بڑھایا جا سکے۔