راولپنڈی : راولپنڈی انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کیسز میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی عبوری ضمانتوں میں 9 دسمبر تک مزید توسیع کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے شیخ رشید احمد کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے آئندہ تاریخ سماعت کو آخری موقع قرار دیتے ہوئے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو کیس سے متعلق درج تمام مقدمات کا مکمل ریکارڈ ساتھ لانے کا حکم دیدیا۔
استغاثہ کی جانب سے پراسیکیوٹر پیش ہوئے اور عدالت سے آج کیلئے مہلت مانگی ، پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ دو سپیشل پراسیکیوٹرز آج موجود نہیں ہیں لہذا التوا دیا جائے۔
جس پرشیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے عدالت سے کہا کہ ہمیں یہ تو بتایا جائے کہ ہمارے موکل کے خلاف کیا شواہد ہیں اور انہیں کب اور کیوں ان مقدمات میں ڈالا گیا ہے کیونکہ شیخ رشید کا نام پہلے تو 9 مئی کی کسی ایف آئی آر میں نہیں تھا اور اب تمام مقدمات میں 6 ماہ کی تاخیر کے بعد نام ڈالے گئے۔
دوران سماعت شیخ رشید نے عدالت کو مخاطب کرکے کہا کہ اخبار میں پہلے ہی خبر چھپ چکی کہ پراسیکیوشن کیس میں تاریخ لے گی۔ جس پر جج ملک اعجاز آصف کے ریمارکس دیئے کہ یہ تو عدالت کی کریڈیبلٹی کا سوال ہے، خبر سے تاثر ملتا ہے کہ شاید عدالت کو کوئی باہر سے کنٹرول کرتا ہے، آئندہ ایسی خبر چھپی تو ایکشن لوں گا۔
عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر سماعت 9 دسمبر تک ملتوی اور شیخ رشید کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری میں بھی توسیع کردی۔