نکانہ صاحب: سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کے 554 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات کا آغاز آج سے ہو گیا، بھارت سمیت برطانیہ، امریکا اور کینیڈا بھر سے سکھوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔
گوردوارہ جنم استھان میں تقریبات کا آغاز رات گئے اکھنڈ پاٹھ کی ادائیگی کے ساتھ ہوا، سکھ یاتری ڈیرہ صاحب، پنجہ صاحب، ننکانہ صاحب اور کرتارپور جائیں گے۔ سکھ یاتری شبد کیر تھن ، متھا ٹیکی ، اشنان اور دیگر گوردواروں کی یاترا میں مصروف ہیں ۔ یاتری آج گوردوارہ سچا سودا کی یاترا کے دوران متھا ٹیکی کی رسم بھی ادا کریں گے ۔
جبکہ بھارت کے 3 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کو نئی دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے ویزے جاری کیے گئے، ویزوں کا اجراء 1974ء کے مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق پاکستان انڈیا پروٹوکول کے فریم ورک کے تحت کیا گیا ہے۔
تقریبا ت کے دوران ننکانہ صاحب میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ تمام داخلی اور خارجی راستوں پر خار دار تاریں اور بیرئیر لگا کر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ، داخلی راستوں پر چیکنگ کے ساتھ ساتھ واک تھرو گیٹس اور سکریننگ مشین بھی نصب کی گئی ہے ۔ گوردوارہ کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں ، شہر کے نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے چار روز کے لئے بند رہیں گے ۔