کراچی: صوبہ سندھ کے شہرکراچی میں راشد منہاس روڈ پر قائم شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں دم گھٹنے کے باعث 11افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد کی حالت ناساز ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہو گئی۔جناح ہسپتال حکام کے مطابق 9 میتوں کو جناح ہسپتال لایا گیا ہے جن کی موت جھلسنے کے باعث ہوئی جبکہ تین لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے ،زخمی ہونیوالے تین افراد میں سے دو کی حالت بہتر ہے ۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت سے 46 افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے، جبکہ زخمیوں کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، ریسکیو کر کے اسپتال پہنچائے گئے 6 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، عمارت کے اندر مزید لوگوں کے ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
جناح اسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ حادثات نے بتایا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام مرد ہیں، جاں بحق اور زخمیوں کی عمریں 22 سے 43 سال تک ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اب کولنگ کا عمل جاری۔ فائراینڈ ریسکیو کمانڈر ہمایوں خان کا کہنا ہے کہ6 گاڑیاں اور اسنارکل کی مدد سے آگ بجھانے کی کوششیں جاری تھیں۔
حکام کاکہنا ہے کہ آگ عمارت کےچوتھے فلورپر ہے جو مزیدپھیل رہی ہے اور بالائی منزل پردھواں زیادہ ہے، آگ کی وجہ سے درجنوں دکانیں جل گئی ہیں۔ آگ میں شدت کی وجہ سے عمارت کے اندر شیشے ٹوٹ کر گررہے ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں پھنسے 30 سے 35 افراد کا نکال لیا گیا ہے جبکہ مزید لوگوں کے پھنسے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ چھت پر رکھے جنریٹر کی وجہ سے لگی۔کثیر المنزلہ مال اور اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کردی گئی ہے۔