اسلام آباد: امریکی سفارت خانے کی جانب سے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بننے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ امریکی سفارتخانہ نے سوشل میڈیا پر دونوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وزارت دفاع کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر کو 3 سال کے لیے آرمی چیف تعینات کیا گیا ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تعیناتی بھی تین سال کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات کیا تھا ۔ شام کو صدر مملکت نے بھی سمری پر دستخط کر دیے تھے جس کے بعد وزارت دفاع نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔