راولپنڈی : پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 26 نومبر کو راولپنڈی میں دھرنا نہیں دیں گے بلکہ جلسہ ہوگا ۔ 26 نومبر کو ہی جلسہ ختم کردیں گے۔ ریاست مخالف نعرے بھی نہیں لگائیں گے۔
نیو نیوز کے مطابق راولپنڈی میں جلسہ کے لیے پی ٹی آئی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان 56 شرائط طے پا گئی ہیں۔ شرائط پراتفاق کے بعدپی ٹی آئی کو فیض آباد میں جلسہ کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اورواثق قیوم عباسی کے درمیان ملاقات میں شرائط طے ہوئیں۔
شرائط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی قیادتِ کو حالیہ تھریٹس کے بعد سیکیورٹی پر حفاظتی اقدامات کیے جائینگے۔ کارکن جلسہ گاہ کے علاوہ کسی حدود میں داخل نہیں ہوں گے۔ یقینی بنایاجائے کہ عمران خان بتائے گئے روٹ کےعلاوہ کوئی اور استعمال نہیں کرینگے۔
شرائط نامہ کے مطابق جلسہ انتظامیہ یقینی بنائے گی کہ اختتام پر کوئی کارکن وہاں موجود نہیں رہے گا۔ جلسہ کی رات کو علامہ اقبال پارک میں کسی ورکر کو ٹھہرایا نہیں جائے گا۔ خیال رکھا جائے گا کہ ساؤنڈ سسٹم ساؤنڈ ایکٹ کے مطابق استعمال کیا جائے گا۔ ساؤنڈ سسٹم اذان کے وقت بند کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی قیادت رضارکاروں کو داخلی راستوں پر تعینات کرے گی۔
پی ٹی آئی رضاکاروں کے پاس سیکیورٹی جیکٹس اور بیجز موجود ہوں۔ خواتین کارکنان کی تلاشی کیلئے لیڈی رضاکار اور ویمن پولیس موجود ہوں گی۔ جلسہ گاہ میں اسلحہ اورآتش بازی پر بھی پابندی ہو گی ۔ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے ٹریفک پولیس سے تعاون کیا جائے گا۔ پولیس اور انتظامیہ تھریٹس الرٹ وقتاً فوقتاً بتاتے رہیں گے۔ اسٹیج اور شرکا کے درمیان فاصلہ 80 فٹ سے کم نہیں ہونا چاہیے۔ اسٹیج پر بلٹ پروف روسٹرم ہوگا۔
شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں جلسہ آرگنائزر کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔ جلسہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وی آئی پیز کی سیکیورٹی کے ذمہ دار ہونگے۔ جلسہ انتظامیہ ویڈیو ریکارڈنگ ایڈٹ کیے بغیر مہیا کرنے کی پابند ہو گی۔پنڈال میں مناسب لائٹنگ کا بندوست کیا جائے گا۔جلسہ گاہ کے اطراف کسی قسم کی وال چاکنگ نہیں کی جائیگی۔ریاست مخالف نعرے بازی پر پابندی ہو گی،کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا نہیں جلایاجائے گا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاؤہ کسی کو سیکیورٹی زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔