مذاکرات کامیاب، پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

10:39 PM, 25 Nov, 2021

لاہور: عوام کے لئے خوشخبری، پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی.

ذرائع کے مطابق پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دور ہوا جس میں ایسوسی ایشن کو یقین دہانی کروائی گئی کہ ان کے کمیشن کو مرحلہ وار بڑھایا جائے گا۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل پٹرولیم مصنوعات پر مارجن میں اضافے کے معاملے پر پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پٹرول اورہائی سپیڈ ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں 71 پیسے فی لٹر جبکہ پٹرول پر ڈیلرزمارجن میں 99پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔ 

پٹرول پر او ایم سی مارجن 2روپے97پیسے سے بڑھاکر 3روپے68پیسے اورہائی سپیڈ ڈیزل پر او ایم سی مارجن 2روپے97پیسے سے بڑھاکر3روپے68پیسے کرنے کی تجویز دی۔ 

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سےپٹرول پر ڈیلر مارجن میں 99پیسہ فی لیٹراورہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیلر مارجن میں 83پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ پٹرول پر ڈیلر مارجن 3روپے91پیسے سے بڑھاکر 4روپے90پیسے اورہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیلر مارجن 3روپے30پیسے سے بڑھاکر 4روپے 13پیسے فی لیٹر کرنے کی تجویزدی گئی ۔علاوہ ازیں پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مارجن میں تقریباً پونے 9روپے اضافے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں اضافے کی سمری ای سی سی کو ارسال کردی گئی ہے۔

وزارت پٹرولیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 99 پیسے بڑھانے کی درخواست کی گئی اوراس اضافے سے ڈیلرز کو ہونے والا ماضی کا نقصان بھی پورا ہوجائے گا ۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبات نہ مانے جانے کے خلاف ملک بھر میں ہڑتال کی جا رہی تھی اور کراچی سے لیکر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک سوائے چند ایک پیٹرول پمپس کے تمام بند پڑے رہے۔ 

ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم پمپس بند ہونے کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا رہا جبکہ جن شہروں میں چند ایک پیٹرول پمپس کھلے ہیں وہاں لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ 

مزیدخبریں