راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن افغانستان سے جڑا ہے اور ہمسایہ ملک میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے اٹلی کے سیکریٹری جنرل دفاع نے ملاقات کی ہے جس میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال سمیت افغانستان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے افغانستان کو امداد پہنچانے کے لیے فوری طور پر طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اٹلی کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان خطے اور عالمی امور میں اٹلی کے کردار کو سراہتا ہے۔
اٹلی کے سیکریٹری جنرل دفاع نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان اور افغانستان کے لیے برطانوی نمائندہ خصوصی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں کے درمیان ملاقات میں افغانستان کی موجود صورتحال پر بھی بات کی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جایود باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں برطانیہ کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بڑھانے کےلیے پرعزم ہیں۔ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے اور معاشی ترقی کےلیے عالمی اتحاد ضروری ہے۔ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔
برطانوی نمائندہ خصوصی نے افغان صورتحال، علاقائی استحکام میں پاکستانی کاوشوں کو سراہا۔ نائجل کیسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے موثر سرحدی انتظام کی خصوصی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ پاکستان سے ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید وسعت کے لیے پرعزم ہیں۔