لاہور :قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اگر پی سی بی نے کوچ کیلئے اشتہار بھی دیا تو اپلائی نہیں کرینگے ،ٹیم پاکستان کیلئے کوچ کوئی بھی ہو مقصد جیت پاکستانی ٹیم کی ہونی چاہیے ۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈکوچ ،کپتان مصباح الحق نے کہا کہ میری کوچنگ میں بھی ٹیم نے فتوحات حاصل کیں تھیں ، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے،انہوں نے کہا کوچ کوئی بھی ہو ہم سب کا مقصد پاکستان ٹیم کو کامیاب دیکھنا ہے تاہم جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ میرے جانے سے ٹیم بہتر پرفارم کرنے لگی ہے تو ویلڈن، مجھے بھی پاکستان ٹیم کے جیتنے کی خوشی ہے، اگر پی سی بی کوچ کے لیے اشتہار دے گا تو میرا اپلائی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ گرا س روٹ لیول پر کرکٹ ہونا پاکستان کرکٹ کیلئے انتہائی خوش آئند بات ہے ،یہ اچھی بات ہے کہ سنٹرل پنجاب میں سکول اور کلب لیول پر کرکٹ ہو رہی ہے ۔
انہوں نے کہا قومی ٹیم نے ورلڈ کپ ٹی 20 میں بہت اچھا پر فارم کیا جس کی خوشی ہے ،ٹیم پاکستان بابر اعظم کی کپتانی میں مسلسل اچھا کھیل پیش کر رہی ہے جو کہ ایک مثبت بات ہے ،اگر ایسے ہی ٹیم پاکستان کھیلتی رہی تو یقینا بنگلہ دیش کو ٹیسٹ سیریز بھی ہرا دے گی ۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ محمد عباس سیمنگ وکٹوں پر بہترین چوائس ہے، آصف علی، افتخار احمد اور خوشدل شاہ کی پرفارمنس سے خوشی ہو ئی ،ہر کسی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ بہترین ٹیم کا انتخاب کرے ۔