اسلام آباد: پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے جھوٹ سے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا اور جھوٹے سرچ آپریشن کی آڑ میں بھارت کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہے، عالمی برادری کشمیر میں تشدد کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایف سولہ گرانے کا جھوٹا ڈرامہ رچا کر اپنے شکست خوردہ پائلٹ کو ایوارڈ دیا، بھارت اپنے جھوٹ سے دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز 3 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، نام نہاد اور جھوٹے سرچ آپریشن کی آڑ میں بھارت کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہے، عالمی برادری کشمیر میں تشدد کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے حقوق اور امتیاز کے حوالے سے آواز اٹھاتا آیا ہے، بھارت کے اندر اور عالمی سطح پر بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، عالمی برادری کو اب علم ہو رہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے امتیازی سلوک، انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان اس حوالے سے پہلے بھی عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کراتا رہا ہے، اب بھارت کے اندر سے بھی اس حوالے سے آوازیں بلند ہو رہی ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ افغانستان میں بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے، عالمی برادری بھی اس ضرورت سے آگاہ ہے،افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی کیلئے پاکستان اور دیگر ممالک کہہ رہے ہیں کہ بحال کئے جائیں، امید ہے کہ یہ معاملہ حل کر لیا جائے گا افغانستان کے لیے جو 5 ارب روپے کا وعدہ ہوا ہے اس کا بڑا حصہ افغانستان مین گندم کی ترسیل پر صرف ہوگا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کی ہر ممکن امداد کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رکھیں گے،پاکستان نے چار سی 130 افغانستان میں امداد بھجوائی ہے، وزیر اعظم نے خوراک ٹینٹس اور ادویات کی مد میں پانچ بلین روپے امداد دی ہے، واہگہ کے رستے گندم کی ترسیل کیلئے بھارتی ناظم الامور کو مطلع کر دیا گیا ہے، بھارت سے افغانستان کو امداد کی فراہمی کا ایک ٹایم فریم ہے، اس ٹائم فریم کے اندر اس عمل کو مکمل کیا جائے گا۔
عاصم افتخار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ایٹمی تنصیبات اور پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے، امریکا کی جانب سے ڈیموکریٹک سمٹ پر دعوت نامہ موصول ہوا ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔